پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا آغاز، شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری-
پنجاب میں مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو یکم جولائی تک جاری رہے گا۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جہاں شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال پنجاب میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے بارشوں کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد اور ان کے اہل خانہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے اجتناب کیا جائے تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے والدین سے خاص طور پر کہا ہے کہ بچوں کا خیال رکھیں اور انہیں بارش کے پانی کے نالوں، برقی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
Comments
Post a Comment