بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ: پاکستان کا سفارتی مشن نیویارک میں سرگرم۔
پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں عالمی سطح پر اس کی خارجہ پالیسی کے نئے رخ کی عکاسی کرتی ہیں۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل و غیر مستقل ارکان سے ملاقات کرے گے تاکہ بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزی اور غلط بیانی پر عالمی برادری کو اعتماد میں لیا جا سکے۔ یہ سفارتی مشن نہ صرف بھارت کی بدنیتی کو بے نقاب کرنے کی کوشش ہے بلکہ پاکستان کے سنجیدہ مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
اس مشن کے دوران وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر اور او آئی سی کے ارکان کو بھی بریف کرے گا، جبکہ امریکی تھنک ٹینک "مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ" میں بلاول بھٹو زرداری کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان عالمی رائے عامہ کو سنجیدگی سے متاثر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سفارتی میدان میں اس طرح کی فعالیت ایک ایسے وقت میں اہمیت رکھتی ہے جب علاقائی تنازعات تیزی سے بین الاقوامی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
یہ بات خوش آئند ہے کہ وفد میں تجربہ کار سیاستدانوں، سفارت کاروں اور ماہرین کو شامل کیا گیا ہے، جن میں شری رحمان، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی اور دیگر شامل ہیں۔ یہ دورہ نہ صرف پاکستان کی سفارتی موجودگی کو مضبوط بنانے کا موقع ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر ایک متوازن اور ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان کی شبیہ کو بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ امید ہے کہ یہ سفارتی مشن نتائج خیز ثابت ہوگا۔

Comments
Post a Comment