نادرا کا اہم قدم: انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اعضاء عطیہ کرنے والوں کے لیے لائف ٹائم شناختی کارڈ کا اجراء
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک نیا اور اہم اقدام اُٹھایا ہے، جس کے تحت ایسے پاکستانی شہری جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے اعضاء رضاکارانہ طور پر عطیہ کرتے ہیں، ان کے لیے لائف ٹائم شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اس کارڈ پر سبز دل (Green Heart) کا نشان بھی شامل ہوگا جو اس عطیہ دہندہ کی نیک نیتی کی علامت ہوگا۔
نادرا نے سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ ایسے تمام افراد جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے اور وہ متعلقہ اعضاء عطیہ کرنے والے اداروں میں رجسٹرڈ ہیں، وہ اپنے قریبی نادرا دفتر جا کر یا Pak-ID موبائل ایپ کے ذریعے یہ نیا سمارٹ شناختی کارڈ یا NICOP حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل رجسٹریشن کا نیا نظام
ایک اور ترقی میں، نادرا نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیدائش اور اموات کے اندراج کا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ اسپتالوں اور صحت مراکز میں لاگو ہوگا۔ یہ اقدام اُڑان پاکستان پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر طرزِ حکمرانی اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
یہ نظام نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کے تحت عالمی بینک کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ زندگی کے اہم واقعات کا مؤثر اندراج اور ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے۔
مفت شناختی کارڈ کی سہولت
نادرا نے ایک اور بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کے لیے مفت کارڈ جاری کرنے کی سہولت بھی دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بغیر مالی دباؤ کے شناختی کارڈ حاصل کر سکیں۔
نان چپ شناختی کارڈ کا اجراء
اس سے پہلے نادرا نے نان چپ شناختی کارڈ بھی متعارف کروایا تھا جس میں کئی اسمارٹ فیچرز شامل کیے گئے تھے۔ یہ کارڈ سکیورٹی، سہولت اور کم قیمت پر شہریوں کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
یہ تمام اقدامات نادرا کی ڈیجیٹل ترقی، عوامی خدمت اور محفوظ شناختی نظام کی طرف سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہیں۔
Comments
Post a Comment